وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد صورتحال پر بریفنگ دی ان کیمرہ بریفنگ میں قومی بیانیہ اور آئندہ کی حکمت عملی پر سیاسی رہنماؤں کواعتماد میں لیاگیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ایک ان کیمرہ سیشن میں قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دی۔ یہ سیشن پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں منعقد کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ اور کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے، لیکن اگر جارحیت مسلط کی گئی تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی سیاسی رہنماؤں کو حکومت کے سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے آگاہ کیا۔ بیک گراونڈ بریفنگ میں حکومتی اتحاد کے رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ تحریک انصاف نے اس بریفنگ کا بائیکاٹ کیا۔
پاکستان کی حکومت قومی سلامتی کے امور پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور سیاسی قیادت کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ملک کی سلامتی اور خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔