صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق بدھ کو اپنے تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ صدر مملکت نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ورثا کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
واضح رہے کہ عام انتخابات سے ایک روز قبل بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی دفاتر کے باہر دو دھماکوں میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق پہلا دھماکہ بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی جبکہ دوسرا قلعہ سیف اللہ میں ہوا، خانوزئی میں 14 جبکہ قلعہ سیف اللہ میں 12 افراد جاں بحق ہوئے۔
نگران صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بلوچستان میں3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔