پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلیوں اور سیمینار منعقد کیے گئے۔ دن کے مناسبت سے دنیا بھر میں تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا، سفارتخانے کے عملے، پاکستانی کمیونٹی، تھنک ٹینکس کے نمائندوں، ترکی و آذربائیجان کے ڈپٹی ہیڈز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی استدعا کی، کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ظلم سے پاک مستقبل کے مستحق ہیں۔
پاکستانی سفیر خلیل کا کہنا تھا کہ ہماری اخلاقی، قانونی اور سفارتی ذمہ داری ہے کہ ان کے حق کے لئے آواز اٹھائیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تسلیم شدہ حقوق کے مطابق تحفظ کیا جائے۔
شرکائے تقریب کو بھارتی جارحیت کی تصاویر اور ویڈیوز بھی دکھائی گئیں، تقریب کے اختتام پر بحث و مباحثہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر کی سفارتی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا گیا۔
بیجنگ کی طرح باکو میں بھی پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب میں آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز کے ریکٹر، پیشہ ور افراد، سفارتی عملہ، سکالرز، آذربائیجان سول سوسائٹی کے افراد، طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی، جہاں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی سفیر بلال حئی نے مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر فوری حل طلب مسئلہ قرار دیا۔ تقریب کے آخر میں آذربائیجان کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا گیا، آذر بائیجان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آواز حق بلند کی ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا اور برازیل کے پاکستانی سفارت خانوں میں بھی کشیمر کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں۔ شرکا نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔