متحدہ عرب امارات میں درجنوں کمپنیوں کو غیر قانونی بھرتیوں پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی 50 کمپنیوں سمیت 5 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو غیر قانونی بھرتیوں پر جرمانہ عائد کر دیا گیا، قانون کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک سال سے کم قید اور 2 لاکھ درہم سے لے کر ایک ملین درہم تک جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 55 اداروں بشمول 5 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو 2023 میں مناسب اجازت نامے حاصل کیے بغیر بھرتی مہم چلانے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا قانون اجازت نامے کے بغیر گھریلو ملازمین کی بھرتی یا عارضی ملازمت پر پابندی لگاتا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو کم از کم ایک سال کی قید اور 2 لاکھ سے لے کر ایک ملین درہم تک کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انسانی وسائل کے امور کے انڈر سیکرٹری خلیل الخوری کا کہنا ہے کہ وزارت مناسب لائسنسنگ کے بغیر ایسی سرگرمیوں میں ملوث ثابت ہونے والی کسی بھی کمپنی کے خلاف قانونی اقدامات اور جرمانے نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت غیر قانونی طریقوں کی نشاندہی کرنے اور خلاف ورزی کے مقدمات کو پبلک پراسیکیوشن کو بھیجنے کے لیے مشتبہ کمپنیوں کے معائنہ کے دورے بھی کرتی ہے۔
رہائشیوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ تصدیق کریں کہ ملازمت یا ثالثی خدمات کی تشہیر کرنے والے اداروں نے ان کے ساتھ رابطوں سے قبل دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے انسانی وسائل اور اماراتی وزارت سے اجازت نامہ حاصل کیا گیا ہے کہ نہیں۔