فیفا نے ورلڈکپ 2026 کے افتتاحی اور فائنل میچ کے وینیو کا اعلان کردیا۔
فیفا ورلڈکپ 2026 کا افتتاحی میچ 11 جون کو میکسیکو سٹی کے سٹیڈیو ازتکا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ امریکی شہر نیو جرسی کا میٹ لائف سٹیڈیم 19 جولائی کو فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔
فٹبال ورلڈکپ 2026 کی میزبانی تین ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کریں گے۔
تینوں ممالک کے 16 شہر ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے، ورلڈکپ میں 48 ٹیموں کے درمیان 104 میچز کھیلے جائیں گے، امریکی شہر ڈلاس سب سے زیادہ میچوں کی میزبانی کرے گا۔
ڈلاس کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں ایونٹ کے 9 میچ کھیلے جائیں گے۔
سٹیڈیو ازتکا تیسری بار فٹبال ورلڈکپ میچوں کی میزبانی کرے گا، سٹیڈیو ازتکا اس سے قبل 1970 اور 1986 میں بھی فٹبال ورلڈکپ میچوں کی میزبانی کرچکا ہے۔
میکسیکو سٹی کا سٹیڈیو ازتکا سٹیڈیم 1970 اور 1986 کے ورلڈکپ کے فائنل میچوں کی میزبانی کا اعزاز بھی رکھتا ہے۔
1970 کے فیفا ورلڈکپ میں اسی سٹیڈیم میں برازیل کے پیلے نے ورلڈکپ جیتا جبکہ 1986 کے ورلڈکپ میں ارجنٹینا کے ڈیاگو میراڈونا نے اسی میدان میں ٹرافی اٹھائی۔