الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران حکومت کو قومی ایئرلائن کی نجکاری اور ایف بی آر اصلاحات سے روک دیا، پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن سے متعلق پیشرفت کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو ارسال خط میں لکھا ہے کہ نگران حکومت پی آئی اے کی نجکاری کی دستاویزات جائزہ لینے کیلئے فراہم کرے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خبروں میں آیا ہے کہ آرڈیننس کے ذریعے ایف بی آر میں اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کا شمار اہم پالیسی فیصلوں میں ہوتا ہے۔
ای سی پی کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کا دائرہ کار آئین اور الیکشن ایکٹ میں واضح ہے اور ایف بی آر کی اصلاحات کا معاملہ منتخب حکومت کا اختیار ہے، نگران وزیراعظم کو مشورہ دیا جائے کہ وہ ایف بی آر میں اصلاحات نہ کریں۔