پاکستان نے سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دے کر میچ تو جیت لیا لیکن سیمی فائنل میں جگہ نہیں بنا پائے، پاکستان اگر سری لنکا کو 147 رنز تک محدود کر لیتا تو سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 207 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی ۔ سری لنکا کی جانب سے ’’ پوون رتنا نائکے‘‘ نے 58، کالم مشرا نے 26، چیرتھ آسالانکا نے 25 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی ایک مرتبہ پھر مہنگے ترین باولر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 48 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی جبکہ مسٹری باولر عثمان طارق نے 4 اوورز میں 43 رنز دیئے لیکن ایک بھی وکٹ نہ لے پائے۔ابرار احمد نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کیا 4 اوورز میں 23 رنز دیتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا اور چوکے اور چھکوں کی دھوم مچا دی ، دونوں کھلاڑیوں نے ورلڈکپ کی سب سے بڑی 95 گیندوں پر 176 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔
صاحبزادہ فرحان نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر سینچری بنائی جس میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل ہیں۔ فخر زمان نے 42 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔


















