ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ مریم نفیس نے شادی پر ملنے والے حق مہر سے متعلق حیرت انگیز انکشاف کردیا، کہتی ہیں کہ میں حق مہر نہیں لینا چاہتی تھی شوہر کی خواہش پر صرف 2200 روپے حق مہر رکھوایا۔
اداکارہ مریم نفیس نے مقامی میگزین کو دیئے گئے ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ ہم لوگ چاہتے تھے کہ ہماری شادی سادگی سے ہو، اس لئے زیادہ تقریبات نہیں رکھیں، ہمارا نکاح فیصل مسجد میں ہوا، نکاح نامے پر دستخط کرتے وقت میں بہت روئی اور سب مجھے دیکھ کر پریشان بھی ہوگئے۔
فوکشیا میگزین کو انٹرویو میں مریم نے بتایا کہ ان کی شادی میں ٹوٹل 90 لوگوں نے شرکت کی، نکاح کے بعد اسلام آباد میں کھانا ہوا اور پھر سب باراتیوں سمیت دولہا دلہن سوات گئے جہاں مکمل شادی ہوئی، دو دن بعد سب واپس آگئے، سوات میں شادی کرنا ان کے شوہر کی خواہش تھی۔
حق مہر سے متعلق سوال پر مریم نفیس نے انکشاف کیا کہ ان کا حق مہر صرف 2200 روپے تھا جو انہوں نے خود رکھوایا۔ بولیں کہ میں حق مہر لینا ہی نہیں چاہتی تھی لیکن جب شوہر نے انہیں کھلے دل سے اجازت دی کہ جو چیز مانگنی ہے مانگو، تو پھر میں نے شریعت کے حساب سے صرف 2200 روپے لئے، میرے نکاح نامے میں خلع کا حق بھی دیا گیا ہے۔