لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا ۔
احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت پرویزالہٰی اور محمد خان بھٹی اوردیگر عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے تمام ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کیں اور فرد جرم عائد کرنے کے لیے چودہ فروری کی تاریخ مقرر کردی ۔پرویزالٰہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نیب لاہور نے ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا ریفرنس دائر کررکھا ہے ۔
دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں دو ملزمان کی عدم پیشی کےباعث پرویز الہٰی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی ۔اینٹی کرپشن عدالت نے سماعت بارہ فروری تک ملتوی کردی۔