بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کو زمین اسکینڈل کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ ہیمنت سورین پر سرکاری زمین کی غیر قانونی فروخت کے معاملے میں منی لانڈرنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی مالیاتی تحقیقاتی ایجنسی کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کے روز پوچھ گچھ کے بعد ہیمنت سورین کو زمین کے خرد برد کی ایک مبینہ تحقیقات میں گرفتار کرلیا ہے۔
ہیمنت سورین کو پیر کے دن نئی دہلی میں موجود ان کی سرکاری رہائش گاہ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے چھاپے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق متعلقہ حکام نے دو لگژری کاریں اور 36 لاکھ روپے بھی برآمد کرلی۔
دوسری جانب ہیمنت سورین کے پارٹی جے ایم ایم کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہدایت پر بلاجواز نشانہ بنایا گیا ہے۔ ترجمان تنو کھتری نے مزید کہا کہ مقدمے کا مقصد ہیمنت سورین پر دباؤ ڈالنا تھا کہ وہ بی جے پی سے وفاداری کر لیں یا جیل چلے جائیں۔
واضح رہے کہ بھارتی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت الیکشن سے قبل اپنے سیاسی مخالفین کو بلاجواز نشانہ بنانے کے لیے قومی تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے۔ اس سے قبل عام آدمی پارٹی کے تین سینئر ارکان کو بھی تحقیقات کے سلسلے میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔