پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے بین الااقوامی کرکٹ میں واپسی کا اشارہ دے دیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے مخصوص شرائط کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔
مقامی نیوز ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر کھل بات کی اور اپنے فیصلے کو درست قرار دیا لیکن اگر پاکستان کو ان کی ضرورت ہو تو وہ واپس آنے کو بھی تیار ہیں۔
35 سالہ کھلاڑی نے نومبر 2023 میں کرکٹ کو الوداع کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جو فیصلہ لیا وہ 100 فیصد درست تھا لیکن آپ کو معلوم نہیں کہ پاکستان کو آپ کی کب ضرورت ہے ، اس لیے آپ کو اس کے لیے کچھ کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ صحیح انداز اور صحیح امتزاج کے ساتھ کھیلے، ریٹائرمنٹ لینے میں کوئی حرج نہیں ہے، میں واقعی خوش ہوں، میں اب بھی پوری دنیا میں کرکٹ کھیل رہا ہوں۔
واضح رہے کہ عماد اس وقت متحدہ عرب امارات میں آئی ایل ٹی 20 میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، ریٹائرمنٹ کے بعد سے وہ T10 لیگ اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل ) میں بھی نمایاں رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عماد نے آخری بار 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور ان کی اچانک ریٹائرمنٹ بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن تھی۔
آل راؤنڈر نے مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور 55 ون ڈے اور 66 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 109 وکٹیں حاصل کیں اور 1,472 رنز بنائے۔
عماد گزشتہ برسوں میں پاکستانی ٹیم کے اہم رکن تھے اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے انہوں نے 2016 کا ٹی 20 ورلڈ کپ، 2019 ورلڈ کپ اور 2021 کا ٹی 20 ورلڈ کپ بھی کھیلا۔