پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل کئی مہینوں سے کمی کا رجحان برقرار رہا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 5 پیسے سستا ہوگیا۔انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 279 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔ گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 9 پیسے سستا ہوکر 279 روپے 55 پیسے تھا۔
رپورٹ کے مطابق جنوری میں انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 36 پیسے سستا ہوا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی )کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خرید و فروخت کی شرح بالترتیب 279.8 روپے اور 281.5 روپے رہی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یورو کی قیمت گزشتہ روز 302.68 روپے کے بند ہونے کے مقابلے میں 35 پیسے کمی کے ساتھ 302.33 روپے پر بند ہوئی۔
جاپانی ین بدستور برقرار رہا اور 1.89 روپے پر بند ہوا جبکہ برطانوی پانڈ کی شرح تبادلہ میں 59 پیسے کی کمی دیکھی گئی، جو 354.85 روپے کے آخری بند ہونے کے مقابلے میں 354.26 روپے پر ٹریڈ ہوا۔اماراتی درہم اور سعودی ریال کی شرح مبادلہ 02 پیسے کی کمی سے 76.09 روپے پر بند ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 307 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 319 روپے تک پہنچ گیا تھا تاہم نگراں حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ستمبر سے ابتک ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر تقریباً 28 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔