خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس 2 فروری کو ہوگا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شرکت کریں گے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں 24 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی تنظیم نو اور کارکردگی میں بہتری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ شرکاء کو یو اے ای اور کویت کے ساتھ ایم او یوز پر پیش رفت سے آگاہ کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اقتصادی کونسل نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی تھی۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے نگران حکومت کےقلیل دورِمیں اہداف کےحصول میں خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی، ٹیکس کےپیسےکاتمام محورعوامی فلاح و بہبود ہوناچاہیے۔
وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا بڑے ترقیاتی منصوبوں پرکام کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے اور نوجوانوں کی ترقی کوترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے، اجلاس میں قومی ترقیاتی بجٹ ترجیحات و رہنما اصول منظوری کیلئے پیش کئےگئے۔
اجلاس کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ صرف ضم شدہ اور بیس پسماندہ اضلاع کے منصوبے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہوں گے، این ای سی کو تیرہویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کی ترجیحات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں پبلک انویسٹمنٹ منیجمنٹ ایسسمنٹ اور کلائمیٹ کی رپورٹ اور پائیدار ترقی کےاہداف سے متعلق ذیلی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔