سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( ٹوئٹر ) کے مالک اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ان کی نیورالنک کمپنی نے پہلی بار انسانی دماغ میں اپنی وائرلیس برین چپ کو نصب کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے پہلے نیورالنک وائرلیس برین چپ امپلانٹ کا اعلان کیا۔
مسک نے کہا کہ ابتدائی نتائج میں امید افزا نیوران اسپائکس یا اعصابی تحریکوں کا پتہ چلا ہے اور مریض ٹھیک ہو رہا ہے۔
نیورالنک کمپنی کا مقصد انسانی دماغوں کو کمپیوٹر سے جوڑنا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ پیچیدہ اعصابی حالات سے نمٹنے میں مدد کرنا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ متعدد کمپنیاں پہلے ہی اسی طرح کے آلات لگا چکی ہیں ، تاہم مسک کی کمپنی کو مئی میں ایف ڈی اے کی طرف سے چپ کی جانچ کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
ایلون مسک نے بتایا کہ نیورالنک کی پہلی پروڈکٹ ٹیلی پیتھی کہلائے گی اور ٹیلی پیتھی آپ کے فون یا کمپیوٹر، اور ان کے ذریعے تقریباً کسی بھی ڈیوائس کو صرف سوچ کر کنٹرول کرنے کے قابل بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی صارف وہ ہوں گے جنہوں نے اپنے اعضاء کا استعمال کھو دیا ہے۔