سیلاب زدگان کےلیے جمع رقم کےمبینہ غلط استعمال کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی مشکلات مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
نیب راولپنڈی نے سیلاب زدگان کیلئے ٹیلی تھون کے ذریعے جمع کیے گئے 4 ارب روپے کے مبینہ غلط استعمال کی تصدیق کا عمل مکمل کرلیا۔ ذرائع کے مطابق حکام نے شکایت کو انکوائری میں بدلنے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر کو درخواست کردی ہے۔
شکایت نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل کے خلاف کی گئی ہے۔ نیب سیلاب زدگان کیلئے جمع فنڈز کے غلط استعمال میں چیئرمین پی ٹی آئی کے کردار کا تعین بھی کرے گا۔
دوسری جانب آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اور ڈاکٹرز سے ملاقات کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست منظورکی، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے اٹارنی نعیم پنجوتھا کے ذریعے درخواست دائرکی تھی۔