وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف کا کہنا ہے کہ ملک میں فری لانسرزکو بلاسود قرضے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فری لانسرز کے لیے سرکاری سطح پر دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے۔
لاہورمیں وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹرعمرسیف نے پاکستان سوفٹ وئیرہاوسز ایسوسی ایشن کی میٹنگ میں شرکت کی۔ٹائون ہال لاہورمیں ہونےوالی تقریب سے خطاب میں عمر سیف کا کہنا تھا پاکستان میں موجود فری لانسرز کے لیے بیرون ممالک سے رقم منگوانے کی راہ کومزید ہموارکیا گیا ہے۔ بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے ذریعے رقوم فوری میسر آسکیں گی۔
وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا تھاپنجاب کے ای روزگارپروگرام کی طرزپرسٹارٹ اپس کوقرضے دیئے جائیں گے۔ ٹیکنالوجی میں نیا کاروبار شروع کرنے والوں کی رہنمائی بھی ہوگی۔
ڈاکٹرعمرسیف کا کہنا تھا انکیوبیشن سینٹرزکے قیام کیلئے ملک بھرکی جامعات کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔ ملک میں فائیو جی لانے کی بات کی جارہی ہے مگر فورجی انٹرنیٹ کی سہولت صرف پندرہ بڑے شہروں میں دستیاب ہے۔سرمایہ کاروں کی مدد سےتیزترین انٹرنیٹ کومزید شہروں اور دیہات تک پھیلایا جائے گا۔