پاکستان نے رواں مالی سال 2023-24ء کے پہلے 5 ماہ کے دوران مختلف ممالک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) خدمات فراہم کرکے ایک ارب 15 کروڑ 19 لاکھ 56 ہزار (1,151.956 ملین) امریکی ڈالر کمائے۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان نے مالی سال 24-2023ء کے پہلے 5 ماہ میں آئی ٹی برآمدات کی مد میں ایک ارب 15 کروڑ 19 لاکھ 56 ہزار ڈالر سے زائد کمائے، جو گزشتہ مالی سال 2022-23ء کے انہی مہینوں کے دوران خدمات کی فراہمی کے ذریعے کمائے گئے ایک ارب 8 کروڑ 79 لاکھ 29 ہزار ڈالر سے کے مقابلے میں 5.89 فیصد زائد ہیں۔
رپورٹ کے مطابق زیر جائزہ مہینوں کے دوران کمپیوٹر سروسز کی برآمدات میں 8.17 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے 86 کروڑ 44 لاکھ 29 ہزار امریکی ڈالر سے بڑھ کر جولائی تا نومبر 2023ء کے دوران 93 کروڑ 50 لاکھ 16 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں، سافٹ ویئر کنسلٹنسی سروسز کی برآمدات میں بھی 46.67 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، جو گزشتہ سال کے 17 لاکھ 10 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 25 لاکھ 8 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہارڈویئر کنسلٹنسی خدمات کی برآمدات بھی 4.15 فیصد بڑھ کر 31 کروڑ 80 لاکھ 41 ہزار امریکی ڈالر سے 33 کروڑ 12 لاکھ 31 ہزار امریکی ڈالر ہوگئیں، تاہم مرمت اور دیکھ بھال کی خدمات کی برآمدات میں 40.74 فیصد کمی ہوئی جو 14 لاکھ 85 ہزار امریکی ڈالر سے 8 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر رہ گئیں۔
پی بی ایس کے مطابق کمپیوٹر سافٹ ویئر سروسز کی برآمدات اور درآمدات 4.05 فیصد بڑھ کر 23 کروڑ 94 لاکھ 73 ڈالر سے 24 کروڑ 91 لاکھ 79 ڈالر ہوگئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق زیر جائزہ مہینوں کے دوران معلوماتی خدمات کی برآمد 22.91 فیصد کم ہوکر 17 لاکھ 90 ہزار امریکی ڈالر سے 13 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر رہ گئیں، انفارمیشن سروسز میں انفارمیشن سے متعلق خدمات کی برآمدات میں 12.37 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 4 لاکھ 85 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 5 لاکھ 45 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خبر رساں ایجنسی کی خدمات کی برآمدات 36.02 فیصد کم ہوکر 13 لاکھ 5 ہزار ڈالر سے 8 لاکھ 35 ہزار ڈالر پر آگئیں، ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی برآمدات میں 2.77 فیصد کی کمی ہوئی جو 22 کروڑ 17 لاکھ 10 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 21 کروڑ 55 لاکھ 60 ہزار ڈالر رہ گئیں۔
پی بی ایس کا کہنا ہے کہ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں مذکورہ عرصے کے دوران کال سینٹرز کی خدمات کی برآمدات میں 11.11 فیصد اضافہ ہوا، جو 8 کروڑ 73 لاکھ 27 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 9 کروڑ 70 لاکھ 26 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ دیگر ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی برآمدات میں 11.79 فیصد کمی کے بعد 13 کروڑ 43 لاکھ 83 ہزار ڈالر سے 11 کروڑ 85 لاکھ 34 ہزار ڈالر رہیں۔