تحریک انصاف کے بانی ارکان اور سابق عہدیداران نے پارٹی کو بنیادی اصولوں پر دوبارہ استوار کرنے کا عہد کرتے ہوئےپارٹی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرانے اور انٹراپارٹی الیکشن کے انعقاد کا اعلان کر دیا ۔
تحریک انصاف کےبانی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے اسلام آباد میں تجدیدعہد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پارٹی کی موجودہ مشکلات کو طالع آزما قیادت کی ہوس اقتدار کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرانے اور انٹراپارٹی الیکشن کے انعقاد کا اعلان کیا ۔
اکبر ایس بابر نے کہا آٹھ فروری کے الیکشن کیلئے ٹکٹوں کی بندر بانٹ نہیں مانتے ، اصل پی ٹی آئی امیدواروں کی فہرست جاری کریں گے ، نااہل قیادت نے نوجوانوں کے ہاتھ میں ڈنڈے تھما دئیے، جس کے نتائج سب نے دیکھ لئے ۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی اور صوبائی کمیٹیاں تشکیل جائیں گی اور ایک نیا پی ٹی آئی الیکشن کمیشن بنایا جائے گا ، پارٹی کے بانی اور مخلص رہنما نئےشفاف پارٹی انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔
پی ٹی آئی کے بانی ارکان اور سابق عہدیداران نے پارٹی کو ، بنیادی اصولوں پر دوبارہ استوار کرنے کا عہد کر لیا۔ انٹراپارٹی الیکشن پر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو تاریخی قرار دیا اور کہا نئی قیادت کا چناؤ ہم خود کریں گے ۔
تجدید عہد کانفرنس کی قراد داد میں مطالبہ کیا گیا کہ نئے انٹرا پارٹی الیکشن تک الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے تمام اکاونٹس منجمد کرے تاکہ فنڈز کا غلط استعمال نہ ہو ۔
اکبر ایس بابر نے کانفرنس میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ بینکوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ تمام پی ٹی آئی کے بینک اکاونٹس کو منجمد کرے تاکہ پارٹی فنڈز کا غیر متعلقہ افراد کے ذریعے غیر ضروری استعمال روکا جائے
بانی رکن پی ٹی آئی کاکہنا تھا نوجوانوں کو انتشار کی طرف دھکیلنے اور اداروں سے ٹکراؤ کی ذمہ دار موجودہ قیادت ہے ، ہمارا مشن پی ٹی آئی پر قبضہ کرنا نہیں ، قابض گروپ سے پارٹی کو نجات دلانا ہے ۔