ایران پر جنگ کے سائے منڈلا رہے ہیں، امریکا مسلسل ایران کو دھمکیاں دے رہا ہے لیکن ایران یہ پیغام دے رہا ہے کہ جنگ نہیں چاہتے لیکن دفاع کیلئے بھی تیار ہیں۔ مذاکرات منصفانہ اور برابری کی بنیاد پر ہوں گے۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے گزشتہ روز غیرملکی سفارتکاروں کو بریفنگ میں کہا مظاہروں پرقابو پالیا۔ اسرائیل اور صدرٹرمپ کے اکسانے پر شرپسند عناصرنے سیکیورٹی اہلکاروں اورعوام کو قتل کیا۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی صدر کو موجودہ دور کا فرعون اور نمرود قرار دے دیا۔ ایکس پرلکھا ایرانی قوم مضبوط، طاقتور اوردانش مند ہے۔ ایران کو اپنے دشمنوں کی مکمل آگاہی حاصل ہے۔
دوسری جانب تہران میں حکومت کے حق میں ہزاروں افراد کی ریلی میں ایرانی صدر نے شرکت کی۔ مسعود پزشکیان حامیوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کرجواب دیتے رہے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتصادی گھیراؤ کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تجارت پر پابندی لگا دی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کے ساتھ کاروبار کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ فیصلہ حتمی ہے اور اطلاق فوری طور پر ہوگا۔





















