ملک بھر میں انتخابات کروانے والے ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا خود ایڈہاک ازم کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ای سی پی ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر سید آصف کا حال ہی میں ایک سالہ کنٹریکٹ پرتقرر کیا گیا ہے،ان سے پہلے سیکرٹری عمدحمید بھی کنٹریکٹ پر تھے ۔
پنجاب اور بلوچستان میں صوبائی الیکشن کمشنرز کے عہدوں پر گریڈ اکیس کے بجائے گریڈ بیس کے افسران تعینات ہیں ۔ الیکشن کمیشن میں دو سپیشل سیکرٹریز کی سیٹیس پر کنٹریکٹ پر افسران کو لگایا گیا ۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں گریڈ بیس کے چار افسران کی سیٹس خالی ہیں جن میں دو پشاور، سندھ اور اسلام آباد میں ایک ایک سیٹ شامل ہے ۔مرکزی سیکرٹریٹ میں ڈی جی پولیٹیکل فنانس اے ڈی جی ایڈمن اور اے ڈی جی ایچ آربھی کنٹریکٹ پر ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن میں گریڈ انیس کے دس سے زائد اور گریڈ اٹھارہ کے آٹھ سے زائد عہدوں سمیت درجنوں آسامیاں خالی ہیں ۔