بالی ووڈ اسٹار ریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی فلم ’فائٹر‘ کی ریلیز پر خلیجی ممالک میں پابندی عائد کردی گئی۔ فلم میں پاکستان اور مسلمانوں کیخلاف مواد شامل ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم بزنس کے ماہر اور پروڈیوسر گریش جوہر نے بتایا ہے کہ تمام خلیجی ممالک نے پاکستان کیخلاف بنائی جانیوالی بالی ووڈ فلم ’فائٹر‘ کی ریلیز پر پابندی عائد کردی ہے تاہم ابھی تک صرف محتدہ عرب امارات نے فلم کی ریلیز کی اجازت دی ہے۔
پروڈیوسر گریش جوہر کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کی جانب سے فلم ’فائٹر‘ کی ریلیز پر پابندی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی لیکن اس بُری خبر سے فلم کے ہدایتکار، پروڈیوسرز، اداکار ریتھک روشن اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون سمیت دیگر فنکاروں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
فلم ’’فائٹر‘ کے ہدایتکار سدھارتھ آنند ہیں، جبکہ فلم میں ریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کے مرکزی کرداروں میں نظر آئیں، انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کا کردار نبھارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بالی ووڈ فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا، 3 منٹ سے زائد دورانیے کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد انڈین فضائیہ پاکستان کیخلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتی ہے اور ساتھ ہی فلم میں حقائق کو توڑ مروڑ کر دکھایا گیا ہے۔
بالی ووڈ فلم کا ٹریلر دیکھ کر پاکستانی عوام اور شوبز شخصیات نے اس پر شدید غصے کا اظہار کیا، سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھارتی فلم انڈسٹری، ریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 27 فروری 2019ء کو پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنیوالے بھارتی طیارے کو مار گرایا گیا تھا، جس کے پائلٹ ابھی نندن کو حراست میں لے کر جنگی قیدی بنالیا گیا تھا، تاہم اس وقت کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کو طور پر ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کیا اور واہگہ بارڈر کے ذریعے اسے بھارتی حکام کے حوالے کردیا تھا۔