پنجاب حکومت کی منظوری پرمحکمہ خزانہ پنجاب نے عام انتخابات کےلیے 4 ارب 18 کروڑ 55 لاکھ روپے کے فنڈز تقسیم کر دیئے۔
محکمہ خزانہ کی دستاویزات کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں، آرمی و رینجرزکے اخراجات اور ممکنہ اضافی اخراجات کی مد میں ڈپٹی کمشنرز کو آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس میں 2 ارب 99 کروڑ 20 لاکھ کے فنڈز دیئے گئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ڈپٹی کمشنر صاحبان کو پنجاب کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لیے 99 کروڑ 22 لاکھ دیے گئے، آرمی و رینجرز کی سکیورٹی ڈیوٹیوں کے اخراجات کی مد میں ایک ارب 50 کروڑ جبکہ ممکنہ اضافی اخراجات کی مد میں 50 کروڑ کے فنڈز دیئے گئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق محکمہ پولیس کے اہلکاروں کو اخراجات کی مد میں آئی جی پنجاب کوایک ارب 19 کروڑ 33 لاکھ کے فنڈز دیئے گئے ہیں۔ سکیورٹی ڈیوٹیوں پر دو لاکھ 22 ہزار 747 اہلکار مامور ہوں گے جس میں ایک لاکھ 30 ہزار پولیس جوان جبکہ آرمی و رینجرز کے دستوں پر مشتمل 92 ہزار 747 اہلکار حساس مقامات پرڈیوٹیاں دیں گے۔ محکمہ خزانہ نے پنجاب الیکشن کےلیے 3 ارب نومبر تا فروری کے بجٹ جبکہ بقایا ایک ارب 18 کروڑ 50 لاکھ بطورسپلمنٹری گرانٹ سے دیئے گئے ہیں۔