پنجاب اسپورٹس بورڈ نے صوبہ بھر کے کھلاڑیوں کیلئے 6 کروڑ روپے کی انعامی رقم مختص کردی۔ تین سالہ کیلنڈر ایئر کو حتمی شکل دیدی گئی، نگران پنجاب کابینہ منظوری دیگی۔
پنجاب اسپورٹس بورڈ نے صوبہ بھر کے کھلاڑیوں کیلئے کیلنڈر ایئر میں 6 کروڑ روپے کی انعامی رقم مختص کردی۔
اسپورٹس بورڈ پنجاب (ایس بی پی) نے 3 برس کیلئے کیلنڈر ایئر کو حتمی شکل دے دی، انعامی رقم کو نگراں پنجاب کابینہ سے منظور کرایا جائے گا۔
نگران وفاقی وزیر کھیل وہاب ریاض مکمل پروگرام کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں گے، انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ کیلئے 10 کھیل رکھے گئے ہیں اور اس حوالے سے 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رائزنگ پنجاب گیمز میں 18 کھیلوں کے مقابلے رکھے گئے ہیں، ان کیلئے ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کی انعامی رقم مختص ہے، کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفے بھی دیئے جائیں گے جبکہ یوم آزادی گیمز، قائداعظم ڈے گیمز اور رستم پنجاب دنگل کے مقابلے ہونگے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ عرصے میں پنک گیمز، رمضان گیمز، کوہسار گیمز، میراتھن اور تیز ترین ایتھلیٹ کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے، ان 8 مقابلوں کیلئے بھی خطیر انعامی رقم رکھی گئی ہے۔