ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے انتخابات سے پہلے ہی جیت کا اعلان کردیا، کہا کہ جو فیصلہ 8 فروری کو آنا ہے آج اس پر مہر لگ گئی، ظالم اور مظلوم کی جنگ میں جیت ہماری ہوگی۔
کراچی کے باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم پاکستان نے اپنا پاور شو کیا۔ پارٹی جھنڈوں کی بہار میں کنوینر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام نے 8 فروری سے پہلے ہی فیصلہ سنا دیا، جیت ہماری ہی ہوگی، آج کراچی نے ایک نئی حد بندی کردی ہے، ایک طرف جابر حکمران ہیں اور ایک طرف مظلوم عوام، کراچی تمہیں سلام، تم نے قوم کی عزت رکھ لی۔
ان کا کہنا ہے کہ جو پاکستان کا خیر خواہ وہ کراچی کا بھی غم خوار ہوگا، آج مزار قائد کے روبرو اس لئے آئے ہیں کہ نعرے کی تجدید کرسکیں، پاکستان بنایا تھا اب پاکستان بچائیں گے، آج ہم وعدہ کرتے ہیں پاکستان اصل پاکستانیوں کے حوالے کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے مزید کہا کہ کراچی کی سلامتی کا مقصد پاکستان کی سلامتی ہے، پاکستان کی خوشحالی کراچی کی خوشحالی کی بدولت ہے، پاکستان سے محبت کرنے والے پر لازم ہے کہ وہ کراچی سے بھی محبت کرے، کراچی اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔