ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم شہروں کے ساتھ اب سندھ کے گوٹھوں میں بھی حکومت بنائے گی، بہت جلد بددیانتوں سے سندھ کی جان چھوٹنے والی ہے، آج فتح کا اعلان ہوگیا ہے انشاء اللہ 8 فروری کو ولیمے کی دعوت ہوگی، 8 فروری کو پتنگ پر نشان لگا کر سندھ کے مظلوموں کو حقیقی آزادی ملے گی۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ہم 15 سال کا حساب لیں گے، بلاول کے بڑے بھی کبھی ایم کیو ایم کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کراچی کے باغ جناح میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کی روایت رہی کہ 5 روزہ میچ نہیں کھیلتے، ہم ٹوئنٹی 20 کھیل کر میچ جیت کر فارغ ہوجاتے ہیں، اہلیان کراچی نے سندھ میں ہونیوالی سیاسی تبدیلی کا آغاز کردیا، اب ایم کیو ایم شہروں کے ساتھ سندھ کے گوٹھوں میں بھی حکومت بنائے گی، آج کا پنڈال لاڑکانہ، نوابشاہ، جیکب آباد، مورو اور سکھر کے لوگوں کیلئے اعلان کررہا ہے، بہت جلد بددیانتوں سے سندھ کی جان چھوٹنے والی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں بسنے والی تمام قومیں غلامی اور بے بسی کی زندگی سے عاجز آگئی ہیں، 8 فروری کو پتنگ پر نشان لگا کر سندھ کے مظلوموں کو حقیقی آزادی ملے گی، آج کا یہ شایان شان جلسہ سب کو مبارک ہو، آج فتح کا اعلان ہوگیا انشاء اللہ 8 فروری کو ولیمے کی دعوت ہوگی۔
ایم کیو ایم کے سینئر رہنماء نے کہا کہ کراچی والو! بتاؤ جب تک ایم کیو ایم کا وقت تھا کیا کبھی گیس کی لوڈشیڈنگ کا سنا؟، یقین دلاتا ہوں کہ 8 فروری کے بعد ہم گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کروائیں گے، شہر کراچی پانی کی بوند بوند کو ترس گیا ہے، پانی کی بڑی لائنیں یا میرے دورے نظامت میں یا ممصطفیٰ کمال دور میں ڈالی گئیں، 8 فروری کی جیت کے بعد ان دونوں مسائل کا حل ایم کیو ایم کی ترجیح ہوگی۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ہمارے بچوں کو فیل کیا گیا، ہمیں بورڈ آفس کے باہر مظاہرہ کرنا ہوگا، ایم کیو ایم نے مردم شماری میں 75 لاکھ لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا۔
سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ہم 15 سال کا حساب لیں گے، بلاول بھٹو وزیراعظم بننا چھوڑو، وزارت اعلیٰ بھی چھینیں گے، بلاول بھٹو زرداری سے کہتا ہوں کہ وہ اپنی کراچی کی تنظیم تحلیل کردیں، بلاول کے بڑے بھی کبھی ایم کیو ایم کے بغیر وزیراعظم نہیں بنے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی کا پانی چوری کرکے شہریوں کو ٹینکرز کے ذریعے بیچا جاتا ہے، نارتھ ناظم آباد میں ہمارے لوگوں پر ایف آئی آر کاٹی گئیں، ہماری درخواست پر ایف آئی آر نہ کٹی تو باغ جناح سے جلوس لیکر جائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سب کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص میں بھی ضمانتیں ضبط ہوں گی، وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنے والے سوچ لیں وہ ہمارے بغیر کچھ نہیں بن سکتے۔