امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے برطانوی ڈیٹا سینٹر میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل نے اعلان کیا ہے وہ برطانیہ کے ڈیٹا سینٹر کی تعمیر پر 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کے مطابق برطانیہ میں اپنی تازہ ترین سرمایہ کاری کا مقصد خطے میں انٹرنیٹ خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنا ہے۔
گوگل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 2020 میں کمپنی کے ذریعے خریدی گئی 33 ایکڑ (13 ہیکٹر) سائٹ پر واقع ڈیٹا سینٹر وسطی لندن کے شمال میں تقریباً 15 میل کے فاصلے پر والتھم کراس کے قصبے میں واقع ہوگا۔
برطانوی حکومت نے گوگل کی سرمایہ کاری کو برطانیہ میں ایک بڑے اعتماد کا ووٹ قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم رشی سنک نے گوگل کے بیان پر کہا کہ گوگل کی 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ برطانیہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک بہترین مرکز ہے اور اس میں ترقی کی بہت زیادہ صلاحیت ہے۔
الفابیٹ کے چیف فنانشل آفیسر روتھ پوراٹ نے بیان میں کہا کہ یہ نیا ڈیٹا سینٹر ہماری آرٹیفشل انٹیلی جنس اور کلاؤڈ سروسز کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں مدد کرے گا اور تعمیراتی اور تکنیکی ملازمتیں پیدا کرتے ہوئے پورے برطانیہ میں کاروباری اداروں میں کمپیوٹ کی اہم صلاحیت لائے گا۔