پی ٹی آئی کے سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے اپنے چچا اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کو پاکستان کا ’’ سرسید ثانی‘‘ قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ سر سید احمد خان انیسویں صدی کے ایک عظیم فلسفی تھے اور ان کو برصغیر میں مسلم قوم پرستی کا سرخیل مانا جاتا ہے۔
اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے کہا کہ تعلیم کا جال بچھانے والا شیخ رشید جیل میں ہے اور وہ تعلیمی اداروں کو بنانے کی وجہ سے ہی قید میں ہے۔
شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ شیخ رشید اپنا آخری الیکشن لڑنے جا رہا ہے، شہر کی بیٹیاں 8 فروری کو باہر نکلیں اور ان کی حمایت کریں۔
سابق ممبر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کا راستہ اسی طرح روکا جا سکتا ہے، 8 فروری کو پی ڈی ایم سے بدلہ لیں۔
راولپنڈی کی ماؤں اور بیٹیوں کے لیے اڈیالہ جیل سے شیخ رشید احمد کا خصوصی ویڈیو پیغام pic.twitter.com/b9YKpfDFOo
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) January 21, 2024
شیخ راشد کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید اس ملک کا "سرسید ثانی" ہے، قلم دوات آپ سب کو معلوم ہے کس کا نشان ہے۔
واضح رہے کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 سے انتخابات 2024 میں حصہ لے رہے ہیں اور نو مئی فسادات کے ایک مقدمہ میں گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل میں قید ہیں جس کے باعث ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق ان کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔