انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ 2024 میں گزشتہ انتخابات کی نسبت زیادہ سکیورٹی کی ضرورت ہے۔
سماء کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ہمارا کام 9 مئی کی رپورٹ دینا تھا، اشتہاریوں کے کاغذات منظور کرنا یا نہ کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اشتہاری ملزمان جس جماعت کے بھی ہوں قانون سب کیلئے برابر ہے، جن سیاستدانوں کو دہشتگردی کے خطرات ہیں انہیں سکیورٹی دیں گے۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ انتخابات کیلئے انٹیلیجنس ایجنسیاں اور سی ٹی ڈی مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں ایک لاکھ 4ہزار اہلکار تعینات کئے گئے تھے جبکہ انتخابات 2024 میں ایک لاکھ 30 ہزارنفری لگائی جا رہی ہے۔