پی سی بی سے ایک اور بڑا استعفیٰ آنے والا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا بھی بطور ٹیم ڈائریکٹر سفر ختم ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا قومی ٹیم کے ساتھ سفر ختم ہونے کا امکان ہے، قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کنٹریکٹ 15 دسمبر تک تھا۔
رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ کی کنٹریکٹ میں توسیع کے کاغذات پیٹرن آفس میں ارسال کئے گئے، پیٹرن آفس اور آئی پی سی منسٹری نے محمد حفیظ کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کل نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں میچ تک عہدے کے فرائض ادا کرسکیں گے۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کو پاکستان پہنچتے ہی کرکٹ بورڈ ٹیم ڈائریکٹر کا عہدہ جاری نہ رکھنے کا کہہ دے گا، پاکستان پہنچنے پر ملازمت میں توسیع نہ دینے کا پیغام دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکاء اشرف دور میں بھرتی کئے ہوئے پی سی بی کے مختلف کوچز اور عہدیدار بھی جلد استعفیٰ دیں گے۔
واضح رہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے مستعفی سربراہ ذکاء اشرف کو کوچز کے کنٹریکٹ لانگ ٹرم دینے سے منع کیا گیا تھا۔