ایران نے زمین سے 750 کلومیٹر مدار میں اپنا سیٹلائٹ ’’ثریا‘‘ کامیابی کے ساتھ پہنچادیا۔
ایران نے عالمی پابندیوں کے باجود خلائی اور خلاء سے متعلق مختلف قسم کی ٹیکنالوجی حاصل کرلی، ایران نے اپنا سیٹلائٹ ’’ثریا‘‘ کامیابی سے خلاء میں بھج دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب ایک ایرانی سیٹلائٹ زمین سے 750 کلومیٹر کے فاصلے پر مدار میں بھیجا گیا ہے، جسے ایران کی ایک بڑی کامیابی سمجھا جارہا ہے۔
ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق ثریا سیٹلائٹ کو غائم 100 سیٹلائٹ کیریئر کے ذریعے خلاء میں بھیجا گیا۔
یہ پہلی بار ہے کہ ایران نے خلاء میں 500 کلو میٹر (310 میل) سے دور اپنا سیٹلائٹ کامیابی سے بھیجا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ اور راکٹ لانچ سول اور دفاعی مقاصد کیلئے ہے۔ انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کی ایران کا جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت حاصل کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔
ارنا سے گفتگو میں وزیر ٹیلی کمیونیکیشن عیسیٰ زارے پور نے بتایا کہ ایرانی سیٹلائٹ کا وزن 50 کلو گرام (110 پونڈ) تھا جسے کامیابی سے زمین سے 750 کلو میٹر دور خلاء میں پہنچایا گیا۔