نیوزی لینڈ کے کرکٹر ہمیش ردرفورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا۔
کیوی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے اوپنر بیٹر اور ریجن کرکٹ میں اوٹاگو کی نمائندگی کرنے والے ہمیش ردر فورڈ نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیر آباد کہنے کا اعلان کردیا ہے اور وہ اپنے پروفیشنل کیرئیر کا آخری میچ ناردرن ڈسٹرکٹس کے خلاف سپر سمیش میں کھیلیں گے۔
ہمیش ردرفورڈ نے 2008 میں اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے اب تک فرسٹ کلاس کرکٹ اور انٹرنیشنل فارمیٹس میں 16 ہزار 468 رنز بنا رکھے ہیں۔
ردرفورڈ نے اپنے 130 فرسٹ کلاس گیمز میں 16 ٹیسٹ کھیلے اور 2013 میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو پر 171 رنز کی یادگار اننگ بھی کھیلی تھی۔
اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے لئے کھیلنا ہمیشہ سے ایک خواب تھا اور اوٹاگو کی نمائندگی کرنا بھی ایک اعزاز کی بات ہے ، مجھے موقع فراہم کرنے پر میں اپنے کوچز اور حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔