ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی الیکشن میں کامیابی کیلئے پُرامید ہیں، کہتے ہیں کہ کراچی کے عوام نے ایم کیو ایم کو انتخابات سے پہلے ہی مینڈیٹ دے دیا، 21 جنوری کو کراچی کے مینڈیٹ پر مہر لگے گی، صحیح نمائندے ایوان میں آئیں گے تو جمہوریت اور معیشت مستحکم ہوگی، صاف اور شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 21 جنوری کو انتخابی جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے کراچی کے باغ جناح گراؤنڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کے ہاتھوں سے یہ شہر سازش کے ذریعے چھینا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی کوششوں سے کراچی واپس کراچی والوں پاس آرہا ہے، کراچی کے بیٹو! ایم کیو ایم پاکستان ایک بار پھر آپ کے درمیان آگئی ہے، ایم کیو ایم سازشوں کے باوجود کراچی کا مینڈیٹ نوجوانوں کے حوالے کرے گی۔
کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ خدا کا شکر ہے پاکستان کے عوام کو نمائندے چننے کا موقع مل رہا ہے، 75 سال سے پاکستان و جمہوریت کیلئے قربانی دیتے رہے ہیں، کراچی والوں نے ایم کیو ایم کے جلسوں میں شرکت کرکے مینڈیٹ پہلے ہی دے دیا ہے، 21 جنوری کو ہونے والا جلسہ ایک بار پھر ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ سنائے گا، 21 جنوری کو کراچی کے مینڈیٹ پر مہر لگے گی۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی شفاف انتخابات ضروری ہیں، صحیح نمائندے ایوان میں آئیں گے تو جمہوریت اور معیشت مستحکم ہوگی۔