لاہور پولیس کے اہلکار نے ساتھی کے ہمراہ بجلی چوری کیخلاف آپریشن کیلئے آنیوالی لیسکو ٹیم پر مبینہ طور پر حملہ کردیا، بندوق کے بٹ لگنے سے بجلی کمپنی کا ایک ملازم شدید زخمی ہوگیا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) کے سب ڈویژن بی آر بی کی ٹیم انسداد بجلی چوری مہم کے سلسلے میں چکنگ آپریشن پر تھی، جہاں بجلی چوری میں ملوث پولیس اہلکار اکمل نے اپنے ساتھی کے ہمراہ لیسکو ٹیم پر مبینہ طور پر حملہ کردیا، ملزمان لیسکو ٹیم کو یرغمال بناکر تشدد کا نشانہ بناتے رہے، بندوق کے بٹ لگنے سے بجلی کمپنی کا ایک شدید زخمی ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان نے لیسکو اہلکاروں کے موبائل فون چھین کر اس میں موجود تمام شواہد ڈیلیٹ کردیئے، مقامی افراد کی مداخلت پر لیسکو ٹیم ملزمان کے نرغے سے باہر آئی۔
لیسکو ملازمین کے مطابق ملزمان کی جانب سے لیسکو ٹیم کو قانونی کارروائی کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں، لیسکو حکام نے متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کروادی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔