انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی برآمدات ماہانہ بنیادوں پر اگست 2023میں 10فیصد اضافے کے ساتھ بڑھ کر235 ملین ڈالر ہوگئی ہیں۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اگست میں آئی ٹی کی برآمدات میں اضافہ کام کے دنوں میں اضافے یا چھٹیوں میں کمی کی وجہ سے ہوا ہے، کمپیوٹر سروسز میں ہاورڈویئر اور سافٹ ویئر کنسلٹینسی ایکسپورٹ میں بالترتیب 21 اور 18فیصد کا متاثر کن اضافہ دیکھا گیا ہے، سالانہ بنیادوں پر آئی ٹی ایکسپورٹ میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ نتائج آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان بھیجے جانے والے ترسیلات زر کی بنیاد پر اخذ کیے گئے ہیں، بہت سی کمپنیاں غیر مستحکم پالیسی اور ایکس چینج ریٹ کی وجہ سے منافع پاکستان لانے کے بجائے باہر رکھنے کو ترجیح دے رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات 5 فیصد اضافے کے ساتھ 449 ملین ڈالر رہی ہیں، اگست میں نیٹ آئی ٹی ایکسپورٹ ماہانہ بنیادوں پر 7 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافے کے ساتھ 204 ملین ڈالر رہی ہے۔