معروف ہالی ووڈ اداکار اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شیوارزنیگر کو جرمنی میں ٹیکس چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تاہم ادائیگی کے بعد انہیں جانے کی اجازت دیدی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمینیٹر اور کمانڈو جیسی سپر ہٹ فلموں کے اداکار آرنلڈ شیوارزنیگر کو میونخ ایئر پورٹ پر روک کر ان کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ایک قیمتی سوئس گھڑی برآمد ہوئی جس کی قیمت تقریباً 26 ہزار یورو بتائی جا رہی ہے، آرنلڈ نے جرمنی پہنچنے سے پہلے اپنے اثاثوں میں قیمتی گھڑی ظاہر نہیں کی تھی۔
میونخ میں کسٹمز آفس کے ایک ترجمان نے کہا کہ آرنلڈ نے یورپی یونین آنے سے قبل ایک ایسی پروڈکٹ اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کی، جسے یورپی یونین کے باہر سے امپورٹ کیا گیا اور جو رجسٹرڈ نہیں، اس قانون کا اطلاق سب پر ہوتا ہے، ٹیکس چھپانے پر آرنلڈ کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ہالی ووڈ سپر اسٹار نے ایئرپورٹ حکام کو بتایا کہ وہ آسٹریا میں ماحولیات سے متعلق منعقد ہونیوالی ایک تقریب میں اس گھڑی کو عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔
آرنلڈ کی وضاحت کے باوجود ایئرپورٹ حکام نے ان پر 4 ہزار یورو ٹیکس سمیت 35 ہزار یورو کا جرمانہ عائد کیا اور انہیں کہا کہ وہ اپنے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے یہ جرمانہ بھر سکتے ہیں۔
امریکی ٹیلی وژن سی این این کی رپورٹ کے مطابق دلچسپ صورتحال اس وقت پیش آئی جب آرنلڈ شیوارزنیگر جرمانہ ادا کرنے کیلئے تو تیار ہوگئے مگر اس بار کریڈٹ کارڈ مشین عین موقع پر خراب ہوگئی اور ایئر پورٹ حکام ایک گھنٹے تک اسے قابل استعمال بنانے میں ناکام رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کریڈٹ کارڈ مشین سے مایوس ہونے کے بعد ایئر پورٹ حکام آرنلڈ کو اپنی حراست میں اے ٹی ایم مشین تک لے گئے مگر وہاں جاکر معلوم ہوا کہ اے ٹی ایم سے نقد رقم نکالنے کی حد بہت کم ہے جبکہ بینک بھی بند ہوچکے ہیں۔
ایئر پورٹ حکام آرنلڈ کو واپس ایئر پورٹ لے آئے جہاں ایک آفیسر بالآخر ایک نئی کریڈٹ کارڈ مشین لائے، جس کے ذریعے آرنلڈ نے جرمانے کی رقم ادا کی، اس پوری کارروائی میں تقریباً 3 گھنٹے لگے اور آرنلڈ اس دوران ایئر پورٹ حکام کی حراست میں ہی رہے۔