مشہور و معروف بھارتی گلوکار یویو ہنی سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے۔
یو یو ہنی سنگھ کے نام سے مشہور انڈیا کے معروف گلوکار ہردیش سنگھ نے ’چائے پہ چرچا‘ نامی ریڈیو شو میں آر جے طیب عرشمان کے ساتھ گفتگو کے دوران یہ انکشاف کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہنی سنگھ نے بتایا کہ ان کے خاندان کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ لاہور کا دورہ کر کے اپنے خاندان کے ورثے کو دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں، اگر کبھی موقع ملا تو ننکانہ صاحب میں اپنے مداحوں سے بھی ملوں گا۔
انٹرویو کے دوران ہنی سنگھ نے کہا میرے آباؤ اجداد کا تعلق لاہور سے تھا، میری قسمت میں جب بھی ہوا میں لاہور جانا چاہوں گا، میں ننکانہ صاحب جاکر نذرانہ پیش کروں گا اور اپنے مداحوں سے ملوں گا۔
گفتگو کے دوران میزبان نے ہنی سنگھ سے کہا کہ وہ اپنے جذبات اپنے پاکستانی مداحوں تک پہنچائیں، جس پر گلوکار نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے پاکستانی پرستار ان پر محبت کی بارش کرتے رہیں۔
کچھ دن قبل ہنی سنگھ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ ایک سیلفی شیئر کی تھی، اس پوسٹ کے عنوان میں انہوں نے لکھا ’زندہ دل کے ساتھ‘۔ مہوش حیات نے اسی پوسٹ کے نیچے کمنٹ میں لکھا ’آخرکار آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی‘۔