سمارٹ فونز کی ریکارڈ فروخت کے بعد ایپل نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا پر اپنا راج قائم کردیا۔
انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن (آئی ڈی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال پوری دنیا میں فروخت ہونے والے سمارٹ فونز میں سے 20 فیصد سے زائد ایپل کے تھے جبکہ سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں سام سنگ کا شئیر 19.4 فیصد رہا۔
ایپل اور سام سنگ کے علاوہ دنیا میں سمارٹ فون بنانے والی پانچ بڑی کمپنیوں کی فہرست میں باقی تین کمپنیاں چین کی ہیں جن میں شاؤمی، اوپو اور ٹرانشن شامل ہیں۔
آئی ڈی سی کی رپورٹ کے مطابق سنہ 2023 میں کل ایک ارب 20 کروڑ سمارٹ فونز فروخت ہوئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تین فیصد کم ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں بہتری آنے کے امکانات ہیں۔
آئی ڈی سی کے مطابق ایپل گزشتہ سال 23 کروڑ فونز فروخت کر کے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے۔ ایپل سمارٹ فون بنانے والی دنیا کی تین بڑی کمپنیوں میں واحد کمپنی ہے جس نے سنہ 2023 میں نہ صرف مثبت سالانہ ترقی حاصل کی بلکہ پہلی بار دنیا کی پہلے نمبر کی سمارٹ فون کمپنی بھی بن گئی۔