بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف غیرشرعی نکاح کیس میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نےکارروائی کل تک مؤخر کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کےسینئر سول جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سماعت۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی حاضری لگائی گئی، جبکہ بشریٰ بی بی آج بھی پیش نہ ہوئیں،اوران کے وکلا کی جانب سے طبی بنیادوں پرحاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔وکیل مدعی راجہ رضوان عباسی نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت۔
وکیل مدعی راجہ رضوان عباسی نےکہا کہ آخری سماعت پرمیڈیکل پیش کیا گیا نہ اس سماعت پر میڈیکل پیش کیا گیا،ملزمان کی جانب سے مقدمے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا،استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے اوروارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔جس پر وکیل صفائی عثمان گل نے کہا کہ آپ حکم دیں تومیڈیکل رپورٹ بھی پیش کردی جائے گی۔
دوران سماعت بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ یہ مجھ سےباربار پوچھتے ہیں لیکن مجھے نہیں معلوم بشریٰ بی بی کہاں ہیں، میرا بشریٰ بی بی سے کوئی رابطہ نہیں ہے،انہیں کہیں لینڈ لائن سےہی مجھے ٹیلی فون کرنےدیں، میں ایک رات پہلے ہی سب ارینج کرلیا کروں گا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے دوران سماعت وکلا صفائی کی بشریٰ بی بی کی آئندہ سماعت پرحاضری کی یقین دہانی پراستثنیٰ کی درخواست منظورکرلی۔
عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ، تاہم غیر شرعی نکاح کیس میں کل ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔