جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے زرعی پارک کے قیام سے چلغوزہ کے کاشتکاروں کی مشکلات میں کمی آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردی کے خشک موسم میں چلغوزہ جنوبی وزیرستان کا خاص قدرتی تحفہ ہے۔ چلغوزہ جو کہ غذائ اجناس سے بھر پور ہے جنو بی وزیرستان کےلئے قدرت کا ایک نایاب تحفہ ہے۔ پاکستان دنیا میں پائن نٹ چلغوزہ پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان دنیا کو سالانہ 25 سے 23 ارب روپے کا سالانہ چلغوزہ برآمد کرتا ہے جس میں نصف حصہ جنوبی وزیرستان کے چلغوزہ کا ہے جو کہ آٹھ سے 10 ارب سالانہ ہے۔
چلغوزہ کی زیادہ تر جنگلات جنوبی وزیرستان کے علاقے بدر، شوال ، خامرنگ اور انگور اڈا اور بارڈر کے اُس پار برمل اور لمن تک پائے جاتے ہیں۔
جنوبی وزیرستان کا چلغوزہ جہاں پوری دنیا میں مشہور ہے وہیں سہولیات کے فقدان اور افغان سرزمین سے پھیلائی جانیوالی بد امنی کی وجہ سے مقامی کاشتکار ایک طویل عرصے تک پریشان رہے ہیں۔
کاشتکاروں کی پریشانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پاک فوج کی مدد سے 850 ملین روپے کی لاگت سے جدید سہولیات سے آراستہ زرعی پارک کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس زرعی پارک میں جدید پائن نٹ پروسیسنگ پلانٹ اور سٹوریج کی سہولیات شامل ہیں۔ زرعی پارک کے قیام کا مقصد وزیرستان کے کاشتکاروں کی پیداوار اور اجناس کو محفوظ بنانا ہے۔
بے شک پاک فوج جہاں ملک کے سرحدوں کو محفوظ بنانے میں مصروف ہے وہاں عوام کی زندگیوں میں سہولیات اور آسانیاں لانے میں بھی پیش پیش ہے۔