پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے سٹار اوپنر صائم ایوب نے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا۔
قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 8 گیندوں پر 27 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی تھی۔
صائم ایوب کی بیٹنگ پرفارمنس اس سے بھی زیادہ متاثر کن تھی کیونکہ انہوں نے 337.5 کا شاندار سٹرائیک ریٹ حاصل کیا جو ایک ٹی 20 میچ میں پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹر کی طرف سے کم از کم 25 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ سٹرائیک ریٹ کا نیا ریکارڈ بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں ۔صائم ایوب کو ٹی 20 ورلڈ کپ تک مسلسل بطور اوپنر آزمانے کا فیصلہ
صائم ایوب نے اس کامیابی کے ساتھ شاہد آفریدی کے سابقہ ریکارڈ کو بھی توڑ دیا جنہوں نے 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف صرف 15 گیندوں پر 39 رنز کی اننگ میں 260 کا سٹرائیک ریٹ حاصل کیا تھا۔
علاوہ ازیں محمد حارث جنہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں 11 گیندوں پر 28 رنز 254.5 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ بنائے تھے وہ بھی اس فہرست میں نیچے چلے گئے۔