نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میں 46 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فاتحانہ آغاز کرلیا، مہمان ٹیم 227 رنز کے تعاقب میں 180 پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ہوگیا اور دونوں ٹیمیں پہلے میچ میں آکلینڈ میں مدمقابل تھیں۔
آکلینڈ میں جاری پہلے میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کیویز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے جبکہ ڈیرل مچل 61 اور کپتان کین ولمیسن 57 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔
دیگر بیٹرز میں اوپنر فن ایلن نے 35، مارک چیپمین نے 26، گلین فلپس نے 19 اور ایڈم ملن نے 10 رنز کی اننگز کھیلیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں قومی ٹیم 18 اوورز میں 180 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بابراعظم نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے، صائم ایوب نے 8 گیندوں پر 27 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی، محمد رضوان 25 اور افتخار احمد 24 رنز بنا سکے۔
دیگر بیٹرز میں فخر زمان 15، اعظم خان 10 اور شاہین آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔