فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے حلقہ این اے 96 سے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے میں طلال چوہدری ناکام ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ ن لیگ نے اپنا ٹکٹ تحریک انصاف چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہونے والے ملک نواب شیر وسیر کو دیدیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے اپنے پنجاب میں امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے تاہم کچھ حلقے ایسے تھے جن پر پارٹی کو امیدوار چننے میں کچھ زیادہ وقت لگ رہاہے جن میں سےسے ایک حلقہ جڑانوالہ کا این اے 96 ہے ، جہاں طلال چوہدری اور ملک نواب شیر وسیر پارٹی ٹکٹ کے امیدوار تھے ، دونوں میں مقابلہ بھی سخت تھا ا س لیئے پارٹی ٹکٹ دینے کا حتمی فیصلہ نوازشریف کو خود کرنا پڑا ۔
اس حلقہ سے نوازشریف نے نواب شیر وسیر کو چننے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ 2018 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ سے اس حلقہ سے بھاری مارجن سے کامیاب ہوئے ۔یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ 2013 کے عام انتخابات میں طال چوہدری نے ن لیگ کے ٹکٹ سے اس حلقہ سے کامیابی سمیٹی اور رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے لیکن توہین عدالت کا جرم ثابت ہونے پر انہیں نااہلی کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔
پارٹی ٹکٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ملک نواب شیر وسیر کا کہناتھا کہ نوازشریف نے خود اٹھ کر گلے لگایا اور مبارک باد دی ، فیصل آباد میں یہی ایک فیصلہ پنڈنگ تھا جو کہ آج ہو گیا ہے ، سب کو مبارک ہو ، فیصل آباد میں ٹکٹ ملنے پر نواب شیر وسیر کے کارکنوں کی جانب سے میٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔