پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ اختلافات کی افواہوں کو مسترد کر دیا۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں سسنسی خیز مقابلے میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان اختلافات کی افواہیں زیر گردش تھیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سری لنکا سے شکست کے بعد شاہین اور بابر کے درمیان ڈریسنگ روم میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔
تاہم، شاہین نے حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور ایکس پر بابر کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کرکے تمام افواہوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
شاہین آفریدی کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے وہ کپتان کے ساتھ بیٹھ کر شطرنج کھیل رہے ہیں۔
family ❤️ pic.twitter.com/VjKAFOTIE5
— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) September 19, 2023
فاسٹ باؤلر نے تصویر کے کپیشن میں ’’ فیملی ‘‘ کا لفظ بھی تحریر کیا جبکہ ’ دل ‘ کا ایموجی بھی شیئر کیا۔