عالمی چیمپئن ارجنٹینا نے انجریز کے خدشات کے باوجود فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں کپتان لیونل میسی بھی شامل ہیں۔
ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے اسکواڈ میں 39 سال کے قریب پہنچنے والے میسی سب سے نمایاں نام ہیں۔ وہ اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔
اسکواڈ میں شامل 17 کھلاڑی وہ ہیں جو 4 سال قبل قطر میں فرانس کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے والی ٹیم کا حصہ تھے۔
ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹینا کو کئی اہم کھلاڑیوں کی انجریز کا سامنا ہے، لیونل میسی بائیں ہیم اسٹرنگ میں کھچاؤ اور تھکن کے باعث انٹر میامی کے گزشتہ میچ کو مکمل نہیں کر سکے تھے۔
اسی طرح گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز بھی اسکواڈ میں شامل ہیں، حالانکہ گزشتہ ہفتے یوروپا لیگ فائنل میں ان کے دائیں ہاتھ کی انگلی فریکچر ہو گئی تھی۔
کوچ لیونل اسکیلونی نے دفاعی کھلاڑی کرسٹیان رومیرو کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے، جو گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ نہویل مولینا اور گونزالو مونتیئل بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، حالانکہ دونوں پٹھوں کی انجریز کا شکار رہے ہیں۔





















