سی این این کی نیوز کاسٹر خبریں پڑھنے کے دوران اپنے بارے میں ہی پریشان کن انکشاف کرنے کے بعد روپڑیں ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی نیوز کاسٹر چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی کیلئے براہ راست نشریات کر رہی تھیں کہ اس دوران انہوں نے انکشاف کر دیا کہ وہ بھی اس کا شکار ہیں ، جیسے ہی انہوں نے یہ الفاظ دہرائے وہ رو پڑیں ۔سی این این کی 51 سالہ نیوز کاسٹر سارہ سڈنر کے لیے خبریں پڑھنا معمول کا کام ہے تاہم اس بار کا بلیٹن انھوں نے بوجھل دل لیکن پُرعزم انداز میں پڑھا۔
اس نیوز بلیٹن میں سارہ سڈنر نے تمام خواتین سے سال میں ایک بار ضرور میمو گرافی کرانے کا مشورہ دیتے ہوئے بتایا کہ مجھے تیسرے درجے کا بریسٹ کینسر ہے حالانکہ نہ میرے خاندان میں کسی کو بریسٹ کینسر ہوا، نہ میں کبھی بیمار ہوئی، نہ میں سگریٹ نوش ہوں اور شراب بھی شاز و نادر ہی پی ہوگی۔علاوہ ازیں نیوز کاسٹر نے مزید کہا کہ اپنے وقت کا ایک سیکنڈ نکال کر صرف ان 8 خواتین کے نام یاد کریں اور سوچیں اگر ان میں سے کسی ایک کو بھی چھاتی کا کینسر ہو جائے تو آپ پر کیسی قیامت ٹوٹ پڑے گی۔
نیوز کاسٹر نے مزید کہا کہ درحقیقت میں ان 8 رکنی گروپ میں سے ایک ہوں جسے بریسٹ کینسر ہوا ہے اور یہ میرے دوستوں اور چاہنے والوں کے لیے بُری خبر ہے۔سارہ سڈنر نے کہا کہ مجھے کبھی توقع نہیں تھی کہ یہ میرے ساتھ ہوگا لیکن میں نے کینسر کا شکریہ ادا کیا کیونکہ اس نے مقابلے کے لیے میرا انتخاب کیا۔ میرے لیے زندہ رہنا اب جنون بن گیا ہے، میں کینسر کو شکست دوں گی۔سی این این کی نیوز کاسٹر سارہ سڈنر نے اپنے علاج سے متعلق بتایا کہ دوماہ سے کیموتھراپی جاری ہے جس کے بعد ریڈی ایشن تھراپی اور ڈبل ماسٹیکٹومی کا مرحلہ آئے گا۔