ایکواڈور کی جیل سے بدنام زمانہ منشیات فروش گینگ کے سرغنہ ’جوز ایڈولفو‘ کے ساتھیوں سمیت فرار ہونے کے بعد حالات بے قابو ہوگئے اور صدر ڈینیئل نوبوا کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنا پڑ گئی جس پر گینگسٹر نے ٹی وی سٹیشن پر دھاوا بول دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لاطینی امریکا کے ملک ایکواڈور میں خانہ جنگی عروج پر ہے اور مختلف گینگسٹر گروپس اپنے اپنے علاقوں میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ یہ سب جوز ایڈولفو کی جیل سے فرار کے بعد ہونا شروع ہوئے۔حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا نے 22 گینگز کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیتے ہوئے ان میں مسلح تصادم کے خطرے پیش نظر ملک میں فوج طلب کرلی اور 60 روز کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی۔
ایکواڈور کے صدر ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرکے جیسے ہی ٹی وی اسٹیشن سے صدارتی محل کی جانب روانہ ہوئے چند نقاب پوش مسلح گینگسٹرز نے ٹی وی اسٹیشن پر دھاوا بول دیا۔مسلح افراد نے ٹی وی اسٹیشن کے عملے کو زمین پر لٹا کر ان کے ہاتھ باندھ دیئے۔ توڑ پھوڑ اور ہوائی فائرنگ کی، کافی دیر ٹی وی اسٹیشن میں رہے اور پھر واپس چلے گئے۔