لاہور میں مقامی ہوٹل میں محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بلا سود الیکٹرک بائیکس اورالیکٹرک رکشے دینے کے پروگرام کاباقاعدہ اعلان نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج تاریخ ساز اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارعوام کو بلاسود 26 ہزارالیکٹرک موٹر بائیکس اور رکشے دیئے جائیں گےپنجاب بھر میں چنگ چی رکشے کی رجسٹریشن پروگرام کابھی باضابطہ افتتاح کیاگیا پنجاب میں الیکٹرک رکشہ سازی کی صنعت کا باقاعدہ آغازبھی کر دیا گیا ہےمحسن نقوی نے ساز گار کمپنی کے سی ای او کو الیکٹرک رکشہ سازی کا پہلا لائسنس دیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت بینک آف پنجاب کے تعاون سے طلباو طالبات کو10ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان شرائط پر دے گی جبکہ 10ہزار الیکٹرک رکشے بھی بلا سود پنجاب بینک کے تعاون سے دیئے جائیں گےسپیشل افراد کو بلا سود 2ہزار الیکٹرک تھری ویلر بائیکس دی جائیں گی جبکہ سرکاری ملازمین کو 2ہزار الیکٹراک بائیکس بلا سود دی جائیں گی،اسی طرح سرکاری و نجی ملازمت پیشہ خواتین کو 2ہزار الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔
وزیراعلی نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر پٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی ہےسرکاری محکمے آئندہ صرف الیکٹرک بائیک ہی خرید سکیں گے چنگ چی رکشہ باڈی سٹینڈر زپروگرام کے نفاذکا بھی باقاعدہ اعلان کیاکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بہت محنت کی سب کہتے تھے،چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن کرنا ممکن نہیں لیکن محکمہ ٹرانسپورٹ نے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام اقدامات مثالی ہیں ۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے ہمیں آلودگی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے بلا سود الیکٹرک بائیکس والیکٹرک رکشہ پروگرام کے لیے پنجاب بینک حکومت پنجاب کی معاونت اور لیڈنگ رول ادا کر رہا ہے طلبا وطالبات کے لئے بلا سود الیکٹرک بائیکس دینا ایک مثالی قدم ہے۔
انھوں نے کہا کہ چین میں فیول والی بائیک نہیں چلتی بلکہ الیکٹرک بائیکس چل رہی ہیں آئندہ تین سال میں اگر الیکٹرک بائیکس مکمل طور پر متعارف کرا دی جائیں تو ماحول پر بہت مثبت اثرات پڑیں گے الیکٹرک بائیکس کو متعارف کرانا ماحول کو بہتر رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ الیکٹرک بائیکس کو عام کرنے کے لیے مضبوط ارادے اور کاوشوں کی ضرورت ہے ۔
ان کا کہنا تھا نے کہا کہ فیول والی گاڑیوں کو الیکٹرک گاڑیوں میں کنورٹ کرنے کے لیے محنت کرنی پڑے گی آئندہ نسل کا مستقبل محفوظ کرنے کے لیے اور زندگی کے 10 سال بچانے کے لیے فیول والی گاڑیاں ترک کرنا پڑیں گی الیکٹرک رکشے کامعیار بہت اعلیٰ ہے، آلودگی ختم کرنے کے لیے الیکٹرک رکشے بھی متعارف کرا رہے ہیں 10 ہزار بلا سود الیکٹرک رکشے فراہم کریں گے ۔
انہوں نے کہاکہ الیکٹرک گاڑیوں اور بائیکس متعارف کرانے سے ماحول بہتر ہوگا اور انڈسٹری کو فروغ ملے گا میری دعا ہے کہ پاکستان میں گاڑیاں بھی الیکٹرک ہو جائیں آئندہ کوئی بھی ادارہ الیکٹرک با ئیک کے علاوہ کوئی بائیک نہیں خریدسکے گا ایکسل لوڈ پر عمل درآمد کروانا ایک مشکل کام تھا جسے محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس نے بڑی محنت سے سرانجام دیا لوگ احتجاج کر رہے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کیا کہ روڈ کے اوپر زیادہ وزن لانے کی وجہ سے کتنا نقصان ہوتا ہے ۔
وزیراعلی نے کہا کہ حکومت اربوں روپے لگا کرسڑک بناتی ہے اور لوگ زیادہ وزن ڈال کر اسے خراب کر دیتے ہیں ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی بڑی محنت کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس پر عمل درآمد کروا رہے ہیں لاہور میں صرف 10 فیصد لوگوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا،70 لاکھ گاڑیاں اور 7 لاکھ ڈرائیونگ لائسنس تھے رات دو بجے خدمت مرکز کا دورہ کیا تو دو تین سو لوگ تب بھی لائسنس بنوا رہے تھے ۔ لائسنس بنوانے کے لئے نئی فیس کااطلاق اب 16جنوری سے ہوگاشہری 15جنوری تک پرانی فیس ادا کرکے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محسن نقوی جس طرح محنت کے ساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں اس کی کوئی دوسری مثال نہیںہم نے ایک برس کے دوران 200فیصد محنت اور 300فیصد ایمانداری کے ساتھ کام کیاہےوزیراعلیٰ محسن نقوی نے خلوص نیت اور دن رات عوام کی خدمت کی ہے او رہم ان کے رضا کار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور ان کی کابینہ کوئی مراعات نہیں لیتےوزیراعلیٰ او روزراء اپنا خرچہ خود اٹھاتے ہیںتنخواہ بھی سرکاری خزانے سے وصول نہیں کرتے وزیراعلیٰ محسن نقوی وزیراعلی آفس کا خرچہ بھی خود اداکرتے ہیںوزیراعلیٰ نے الیکٹرک موٹر بائیکس رکشہ اور گاڑیوں کی نمائش دیکھی ۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے الیکٹرک رکشہ میں سواری کی اور الیکٹرک رکشہ کے معیار کی تعریف کی الیکٹرک بائیکس اور گاڑیوں کا معائنہ کیا اور قیمت اور پائیداری کے بارے میں دریافت کیاچین کے قونصل جنرل ژاؤ شیریں (Mr.Zhao Shiren)، امریکہ کی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز(Ms. Kirstin K. Hawkins)،صوبائی وزراء، ایس ایم تنویر،منصور قادر، عامرمیر، ابراہیم حسن مراد، بلال افضل، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،بینک آف پنجاب کے سربراہ ظفر مسعود، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سی سی پی او، کمشنر لاہور اور مختلف کمپنیوں کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔