پاکستان تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر پارٹی کے مختلف دھڑوں کے مابین اختلافات شدت اختیار کرگئے۔
ٹکٹکوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر تحریک انصاف، آئی ایس ایف اور انصاف یوتھ ونگ کے کارکن سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، تحریک انصاف کی سینیئر قیادت سے اپنے لیے انصاف مانگنے اسلام آباد کا رخ کرلیا۔
تحریک انصاف، یوتھ ونگ اور انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن نے ایک ساتھ اپنے حق کیلئے آوازیں بلند کی اور تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے خلاف اسلام آباد میں اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ناراض کارکنوں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں ناانصافی ہو رہی ہے سینیئر اور قابل عہدیداروں کو نظر انداز کر کے من پسند امیدواروں کو ٹکٹ کا جاری کردیا گیا۔
تحریک انصاف کے امیدوار برائے کے پی 97 کرک جنرل سیکریٹری ثناء اللہ بھی احتجاج میں شامل تھے، ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے، ٹکٹ کے اصل حق داروں کا حق مارا گیا ہے۔
تحریک انصاف شدید دھڑے بندی کا شکار ہو چکی ہے، پرانے لوگوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے من پسند افراد آگے لائے جارہے ہیں، عوامی نمائندوں کا حق چھینا جارہا ہے، جن لوگوں کو ٹکٹ جاری کیا گیا انہوں نے بھاری رشوت دیکر ٹکٹ حاصل کئے۔