کورونا کی نئی قسم"جے این ون" امریکہ اور بھارت سمیت دنیا بھر میں پھیلنےلگی ہے۔ اب تک ساٹھ ممالک جے این ون سے متاثر ہو چکے۔ پاکستان میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پیش بندی شروع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا میں تباہی پھیلانے والے کورونا وائرس کی نئی قسم "جے این ون" بڑا خطرہ بننےلگا ۔ نیا وائرس دنیا کے 60 ممالک تک پہنچ چکا ۔امریکہ اور یورپ کے بعد بھارت میں بھی تیزی سے پھیلنے لگا ۔
پاکستان بھی "جے این ون" کے خطرے سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہے۔ قومی ادارہ صحت نے چاروں صوبوں کو ایڈوائزری جاری کر دی ۔بارڈرز ہیلتھ سروسز نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں اور زمینی سرحدوں پر مسافروں کی اسکریننگ کا آغاز کر دیا ۔
ہر فلائٹ کے دو فیصد مسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ ہوں گے ۔ پاکستان میں تاحال "جے این ون" کا کوئی کیس رپورٹ تو نہیں ہوا ۔۔ تاہم وائرس کی موجودگی کے خدشات موجود ہیں ۔ طبی ماہرین کہتے ہیں شہری ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال کریں ، ہجوم میں بھی نہ جائیں ۔
ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا کا کہنا ہے کہ یہ جو ویریینٹ ہے، جے این ون کےنام سے، بہت سارے ممالک میں پھیل رہا ہے،اس نے کسی نہ کسی ذریعے سے آنا ہوتا ہے، جیسے پینڈیمک میں شروع ہوا، پھر کچھ مانکی پاکس کے کیسز تھے، یہ آئے گا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ماسک وغیرہ پہنیں، جو بڑی عمر کے لوگ ہیں انہیں ویکیسن ضرور لگوائیں، فلو کے شاٹس لگوائیں تاکہ وہ فلو سے بھی بچ سکیں اور کووڈ سے بھی محفوظ رہیں ۔
عالمی ادارہ صحت کےمطابق جے این ون اومی کرون کی نئی قسم ہے ، جو پھیلتا تو تیزی سے ہےتاہم اس سےاموات کی شرح بہت کم ہے۔ بزرگ، بچوں ، حاملہ خواتین اور کمزور مدافعت والے افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے ۔