پاکستان میں موٹرسائیکل کے شوقینوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی، یاماہا نے اپنی بائیکس کی قیمتوں میں 14 ہزار روپے تک کا غیر معمولی اضافہ کردیا۔
معروف موٹر سائیکل کمپنی یاماہا کی جانب سے اپنے کئی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 14 ہزار روپے تک کا غیر معمولی اضافہ کردیا، جس کے باعث خریدار اور فروخت کنندگان دونوں ہی حیران رہ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یاماہا وائی بی زیڈ ڈی ایکس ماڈل کی قیمت اب 4 لاکھ 54 ہزار روپے جبکہ وائی بی آر جی کے نرخ 4 لاکھ 66 ہزار روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
مزید برآں وائی بی آر جی بلیک کی قیمت اضافے کے بعد 4 لاکھ 85 ہزار روپے اور وائ بی آر جی میٹ کی نئی قیمت 4 لاکھ 88 ہزار روپے ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافے کے باعث سوزوکی اور یاماہا موٹر سائیکلوں کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، پرانے ماڈلز کی موٹر سائیکلوں کے نرخ میں 40 فیصد تک کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مارکیٹ میں خریداروں اور بیچنے والوں دونوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں قیمتوں میں کافی تبدیلی نظر آرہی ہے، پہلے ایک موٹر سائیکل کی قیمت تقریباً 70 ہزار سے 75 ہزار روپے تھی لیکن اب اس کی قیمت 90 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ پہلے موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ کرونا پابندیوں کے دور میں چین سے پارٹس کی آمد میں کمی کو قرار دیا جارہا تھا، اس کے بعد پاکستان میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر اور معاشی صورتحال کے باعث موٹر سائیکل کمپنیوں نے کئی بار قیمتوں میں اضافہ کیا۔